چین کی کمپیوٹر تیار کرنے والی کمپنی لینووو نے اپنے صارفین کو ایک ایسا سافٹ ویئر فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے جس کی مدد سے وہ کمپیوٹرز میں پہلے سے موجود ایک دوسرے سافٹ ویئر کو ہٹا سکیں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ کمپیوٹرز میں پہلے سے موجود دوسرا سافٹ ویئر سکیورٹی رسک کا سبب بن سکتا ہے۔
اس سافٹ ویئر جسے’سپر فش‘ کا نام دیا گیا ہے صارفین کو خریداری سے متعلق معلومات فراہم کرتا ہے۔
یہ نیا سافٹ ویئر کمپنی کی چند نوٹ بک ڈیوائسز میں پہلے ہی سے انسٹال کر دیا گیا ہے۔
چینی کمپنی لینووو نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے صارفین کی شکایات کے بعد ’سپر فش‘ کو ڈس ایبل کر دیا ہے۔
لینووو کے مطابق کمپنی کو سافٹ ویئر کا سکیورٹی رسک ہونے کا علم ہے اور وہ اسے ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
لینووو نے بیان میں اپنےصارفین کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ اس تجربے سے سبق حاصل کر رہی ہے اور ہم اسے مستقبل میں مزید بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔
لینووو کا کہنا ہے کہ صارفین ’سپر فش‘ نامی سافٹ ویئر کو ہٹانے کے لیے پیچ ٹو کو ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
صارفین نے شکایت کی تھی ’سپر فش‘ کے ذریعے ان کے براؤزرز پر پاپ اپ ایڈز ظاہر ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
ان شکایات کے سامنے آنے کے بعد کمپیوٹر ماہرین کا کہنا تھا کہ ’سپر فش‘ سکیورٹی رسک کا سبب بن سکتا ہے۔