ساہیوال (این این آئی) نواحی چک 113 سات آر میں نشے کے لیے رقم نہ دینے پر خاوند نے اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ بیوی فرزانہ کے جسم پر تیزاب نما کیمیکل ڈال کر اسے قتل کر دیا،
پولیس نے ایک ماہ دو روز کی تاخیر سے مقدمہ درج کرکے مقتولہ کے خاوند کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسی چک کے مکھن خان کی ہمشیرہ فرزانہ کی شادی محمد رمضان سے ہوئی تھی جس کے بطن سے دو بچے ہیں۔ محمد رمضان نشے کا عادی تھا اور اس کی بیوی اسے نشہ کرنے سے منع کرتی تھی، جس پر ملزم اکثر رقم نہ ملنے پر بیوی کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔ 23 اکتوبر کو ملزم نے نشے کے لیے رقم نہ ملنے پر اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ فرزانہ کے جسم پر تیزاب نما کیمیکل ڈال دیا جس سے وہ ہلاک ہوگئی،
جس کے بعد ملزم روپوش ہو گیا۔ پولیس صدر نے لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد ضابطے کی کارروائی مکمل کی تھی۔ ملزم نے اپنا موبائل فون بھی بند کر رکھا تھا، تاہم اب وہ مقتولہ کے بھائی مکھن خان کے پاس معافی مانگنے آیا اور پنچایت میں اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا۔ پولیس تھانہ صدر چیچہ وطنی نے مکھن خان کی مدعیت میں ایک ماہ دو روز کی تاخیر سے محمد رمضان اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے خاوند کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔



















































