راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی میں اینکر ربیعہ احسن کے قتل کیس میں ان کے شوہر احسن طاہر کو اڈیالہ جیل سے ضمانت پر رہا کر دیا گیا،
عدالت نے گزشتہ روز 2 لاکھ روپے کے مچلکوں پر ملزم کی ضمانت منظور کی تھی۔ جیل ذرائع کے مطابق دستاویزات نامکمل ہونے کے باعث گزشتہ روز رہائی نہیں ہوسکی تھی، مقتولہ کے لواحقین نے ملزم احسن کو معاف کردیا تھا۔جیل ذرائع کے مطابق رہائی کی روبکار اڈیالہ جیل انتظامیہ کو موصول ہوئی، جس پر احسن طاہر کو رہا کر دیا گیا، گزشتہ روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خرم سلیم نے ملزم کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی تھی۔
مقتولہ کے اہل خانہ نے گزشتہ روز احسن طاہر کو معاف کر دیا تھا، ربیعہ احسن کی والدہ، بہن اور بھائی خرم احمد نے عدالت میں حلف نامے بھی جمع کراتے ہوئے اقرار کیا تھا کہ ربیعہ کو حادثاتی گولی لگی تھی، احسن نے جان بوجھ کر قتل نہیں کیا تھا، مقتولہ کے بھائی خرم احمد مقدمے کے مدعی ہیں، ربیعہ کے قتل کا مقدمہ تھانہ صدر بیرونی راولپنڈی میں درج ہے۔



















































