کراچی(این این آئی) شہر کے علاقے گزری میں بینک سے رقم نکلوا کر باہر آنے والے غیرملکی خاتون کے اکاؤنٹنٹ سے مبینہ طور پر دو مسلح ملزمان 3 کروڑ 75 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں اور واردات کی تصدیق کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں۔ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی کے مطابق واقعہ خیابانِ بحریہ، گزری کی حدود میں پیش آیا، جہاں دو مسلح ملزمان نے غیرملکی خاتون کے اکاؤنٹنٹ حنیف میتھلو سے رقم سے بھرا بیگ اسلحے کے زور پر چھین لیا۔ متاثرہ شخص کے مطابق بیگ میں 3 کروڑ 75 لاکھ روپے موجود تھے، تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ایک کروڑ روپے سے زائد کی رقم چھینی گئی ہے۔ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ متاثرہ اکاؤنٹنٹ ایک غیرملکی خاتون کے ہاں ملازم ہے، جو گوشت کی سپلائی کا کاروبار کرتی ہیں اور اندرون سندھ میں غیرملکی منصوبوں کے لیے گوشت فراہم کرتی ہیں۔ خاتون اس وقت اسلام آباد میں مقیم ہیں۔پولیس حکام کے مطابق واقعہ بعض پہلوؤں سے مشکوک معلوم ہوتا ہے، کیونکہ غیرملکی خاتون نے بینک سے کم رقم نکلوانے کی ہدایت دی تھی، جبکہ اکاؤنٹنٹ کی جانب سے بڑی رقم لے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پولیس کا خاتون سے ٹیلی فونک رابطہ ہوچکا ہے اور وہ رات کو کراچی پہنچیں گی۔ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ غیرملکی خاتون کی کراچی آمد کے بعد ان کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا، جبکہ متاثرہ اکاؤنٹنٹ کے بیان اور رقم کی تفصیلات کی بھی تصدیق کی جارہی ہے۔ پولیس جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کی مدد سے واقعے کی حقیقت معلوم کرنے اور ملزمان کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔



















































