اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایبٹ آباد کے قریب حویلیاں انٹرچینج پر مسافر بس اور ڈمپر کے درمیان المناک حادثے میں 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے،
جبکہ 27 دیگر زخمی ہوگئے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور بس سامنے سے آنے والے ڈمپر سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال اور ایوب میڈیکل کمپلیکس پہنچایا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے میں جان سے ہاتھ دھونے والے تمام افراد کا تعلق گلگت سے ہے۔



















































