مری (این این آئی) ملکہ کوہسار مری میں 20انچ تک برف باری کی پیشگوئی کے بعد الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ خود مری پہنچ گئے اور انتظامات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے مری میں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں برف باری اور لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کے لیے روڈ کلیئرنگ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر مواصلات نے ہائی وے میکنیکل ونگ کی مشینری اور سالٹ کیمپس کا بھی معائنہ کیا۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے بتایا کہ مری میں 13 ٹورسٹ فیسلیٹیشن سینٹرز مکمل فعال ہیں اور نمک کے بیگز کا وافر ذخیرہ موجود ہے تاکہ شاہراہیں فوری بحال رکھی جا سکیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ مری داخل ہونے والی گاڑیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔














































