اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) راولپنڈی میں ایک 20 سالہ لڑکی کے اچانک لاپتا ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جو بعد ازاں بیرونِ ملک دبئی پہنچ گئی، جبکہ اسی دوران اہلِ خانہ کو تاوان کی کال موصول ہوئی جس میں دو کروڑ روپے کا مطالبہ کیا گیا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ چکلالہ کی حدود میں واقع افضل ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں 20 سالہ لڑکی پراسرار طور پر گھر سے غائب ہوئی۔ کچھ ہی عرصے بعد اہلِ خانہ کو واٹس ایپ کے ذریعے پیغامات موصول ہوئے، جن میں ایک نامعلوم شخص نے تاوان طلب کیا۔
تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ لڑکی دبئی میں موجود ہے، جس کے بعد معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا۔مغویہ کے بھائی کی درخواست پر پولیس نے اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق لڑکی 30 دسمبر کو میڈیکل اسٹور جانے کے لیے گھر سے نکلی تھی لیکن واپس نہ آئی۔ کئی گھنٹوں تک رابطے کی کوشش کے باوجود اس کا موبائل فون بند رہا اور تلاش کے باوجود کوئی سراغ نہ مل سکا۔مدعی کے بیان کے مطابق کچھ وقت بعد لڑکی کے واٹس ایپ نمبر سے ایک پیغام موصول ہوا، جس میں پشتو زبان بولنے والے شخص نے تین دن کے اندر دو کروڑ روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا اور رقم نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی۔پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تفتیش شروع کی تو حیران کن طور پر یہ بات سامنے آئی کہ لڑکی دبئی جا چکی ہے۔
اس سلسلے میں پولیس نے ایف آئی اے امیگریشن سے رابطہ کر کے سفری ریکارڈ حاصل کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد امیگریشن حکام نے لڑکی کے دبئی جانے کی تصدیق کر دی۔پولیس ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ پر لڑکی کی جانب سے کسی قسم کی مزاحمت یا پریشانی کا اظہار نہیں کیا گیا، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس نے اپنی مرضی سے بیرونِ ملک سفر کیا۔راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس سمیت تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، جبکہ سینئر افسران خود تفتیش کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حقائق سامنے لائے جائیں گے اور لڑکی کی بازیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔















































