لاہور (این این آئی)مری اور گرد و نواح میں متوقع برفباری کے پیشِ نظرچیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہا جائے تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔چیف سیکرٹری کی زیرِ صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مری میں برفباری کے دوران انتظامات، ٹریفک کی صورتحال اور سیاحوں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ سڑکوں سے برف ہٹانے کے لیے مشینری تیار ہے جبکہ برفباری شروع ہوتے ہی نمک پاشی اور کلیئرنس کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے زور دیا کہ برفباری کے دوران ٹریفک کی روانی ہر صورت برقرار رکھی جائے اور ہیوی مشینری کو مسلسل فعال رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی رہنمائی اور آگاہی کے لیے بروقت اور درست معلومات کی فراہمی نہایت اہم ہے، تاکہ غیر ضروری رش اور ٹریفک جام سے بچا جا سکے۔ چیف سیکرٹری نے اس مقصد کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے پر بھی زور دیا۔اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ مری پولیس کی معاونت کے لیے لاہور سے اضافی نفری روانہ کی جائے گی، تاکہ ٹریفک کنٹرول اور سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر مری نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیاحوں کی سہولت کے لیے مری میں 13 سہولت مراکز قائم کیے جا چکے ہیں جبکہ صورتحال کی چوبیس گھنٹے نگرانی کے لیے کنٹرول روم بھی فعال کر دیا گیا ہے۔اجلاس میںخزانہ، کمیونیکیشن اینڈ ورکس، سیاحت، سیکرٹری ریسکیو 1122 کے سیکرٹریزاور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شرکت کی، جبکہ کمشنر راولپنڈی ڈویژن، آر پی او راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مری ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔















































