اسلام آباد (این این آئی) وفاقی دارلحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ۔تفصیلات کے مطابق پشاور میں ایف سی ہیڈ کوارٹر کے حملے کے بعد اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر شہر کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی راستوں پر پولیس نے سخت چیکنگ کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ اہم سرکاری عمارتوں اور ریڈ زون کی سیکیورٹی بھی مزید بڑھا دی گئی ہے،شہریوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے مسافروں کی بھی جامع چیکنگ کی جا رہی ہے۔
فیض آباد بس اڈے پر آنے والے مسافروں کے شناختی کارڈ نمبرز درج کیے جا رہے ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام مسافروں کا ڈیٹا متعلقہ تھانے کو فراہم کریں۔سیکیورٹی اداروں نے کہا ہے کہ یہ اقدامات احتیاطی تدابیر کے طور پر کیے جا رہے ہیں تاکہ ممکنہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔















































