اسلام آباد (نیوز ڈیسک)گجرات کے ایک سرکاری کالج کی عمارت پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تصویر والا جھنڈا لگانے پر کالج پرنسپل کو وضاحت کے لیے شوکاز نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، گورنمنٹ گریجویٹ کالج کھاریاں کی عمارت پر وزیراعلیٰ مریم نواز کی تصویر کے ساتھ ایک جھنڈا آویزاں کیا گیا تھا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد معاملہ انتظامیہ کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
ڈائریکٹر کالجز شعیب عاشق بٹ کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کالج کی عمارت پر وزیراعلیٰ پنجاب کی تصویر والا جھنڈا بغیر کسی مجاز اتھارٹی کی منظوری کے لگایا گیا، جو کہ انتظامی غفلت اور قواعد کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔نوٹس میں پرنسپل سے وضاحت طلب کی گئی ہے کہ یہ اقدام کس کے احکامات پر کیا گیا۔ بعد ازاں انتظامیہ نے فوری طور پر عمارت سے جھنڈا ہٹوا دیا۔