اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — پنجاب بھر میں پولیس کی جانب سے ایک مذہبی جماعت کے کارکنان کے خلاف آپریشن جاری ہے، جس کے دوران مختلف شہروں سے 2500 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، لاہور میں 251، گوجرانوالہ میں 135، شیخوپورہ میں 178، اور سیالکوٹ میں 128 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اسی طرح گجرات سے 80، راولپنڈی سے 196، اور منڈی بہاؤالدین سے 210 کارکنان کو گرفتار کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اٹک اور صادق آباد سمیت دیگر اضلاع میں بھی مذہبی جماعت سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ صوبے بھر کے مختلف تھانوں میں اب تک 76 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ مظاہروں کے دوران تشدد کے واقعات میں ایک پولیس انسپکٹر شہید ہوا، جبکہ 250 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ 142 پولیس افسران و اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ شیخوپورہ میں زخمی اہلکاروں کی تعداد 48 بتائی جا رہی ہے۔