اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گھریلو تنازع کے باعث پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک شخص قتل جبکہ خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق حملہ آور نے تیز دھار ہتھیار سے وار کیے جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق ہوا اور دیگر زخمی ہوگئے۔ جاں بحق شخص کی شناخت احسن کے نام سے ہوئی، جبکہ زخمیوں میں سعد، مدثر، ملیکہ، مصباح، مسکان اور انیلا شامل ہیں۔
تمام زخمیوں اور لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔واقعے سے متاثرہ ایک زخمی لڑکی نے بیان دیا کہ اس کے والد نے واقعے کے روز گھر میں مہمانوں کو کھانے پر مدعو کیا تھا۔ ان مہمانوں میں سعد اور احسن بھی شامل تھے۔ اس کے مطابق، والد نے سب کے ساتھ محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “چکن لاتے ہیں، سب ساتھ کھائیں گے”، جس پر کھانا بنایا گیا اور سب نے ایک ساتھ بیٹھ کر کھایا۔زخمی لڑکی کے بیان کے مطابق، کھانے کے بعد جب مہمان رخصت ہونے لگے تو والد نے انہیں رکاوٹ ڈال کر کہا کہ “چھٹی کرلو، بڑوں کی بات مان لیا کرو۔” اسی دوران مبینہ طور پر مشروب میں بے ہوشی کی دوا ملا دی گئی، جس کے بعد والد نے تیز دھار آلے سے حملہ کیا۔
لڑکی کا کہنا تھا کہ اس نے خود کو بے ہوش ظاہر کیا اور جب وار شروع ہوئے تو ملزم کو دھکا دیا۔ مقتول احسن اس کا بہنوئی اور جہلم (پنجاب) کا رہائشی تھا۔پولیس حکام نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اور مقدمے کے اندراج پر غور جاری ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور حتمی قانونی کارروائی شواہد اور بیانات کی روشنی میں کی جائے گی۔