اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کراچی کی کنزیومر کورٹ جنوبی نے ایک شہری کی جانب سے مقامی ہوٹل کے خلاف دائر درخواست کو قابلِ سماعت قرار دے دیا۔جیو نیوز کے مطابق درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ 18 مئی کو وہ کھانے کے لیے ہوٹل گیا تو ویٹر نے اسے بیٹھنے کی اجازت نہیں دی۔ شکایت پر جب ہوٹل کے مینیجر سے بات کی گئی تو اس نے شلوار قمیض کو “چیپ ڈریسنگ” قرار دیا۔
دورانِ سماعت ہوٹل انتظامیہ نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ شلوار قمیض سمیت ہر لباس پہننے والے افراد کا احترام کیا جاتا ہے اور ہوٹل میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔ انتظامیہ نے یہ بھی مؤقف اپنایا کہ یہ کیس کنزیومر کورٹ کے دائرہ کار میں نہیں آتا۔تاہم عدالت نے ہوٹل انتظامیہ کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے شہری کی درخواست کو قابلِ سماعت قرار دے دیا۔