اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مری میں زمین پر گرنے والا تقریباً پانچ صدی پرانا برگد کا تاریخی درخت دوبارہ ہرا بھرا ہوگیا، جس سے علاقے کے باسیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
تفصیلات کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں اور تیز ہواؤں کے دوران زمین پر گرنے والے اس قدیم درخت کو محکمہ جنگلات پنجاب نے اپنی کوششوں سے دوبارہ کھڑا کیا۔ حیرت انگیز طور پر درخت نے پھر سے نئی کونپلیں اور پتے نکالنا شروع کر دیے ہیں۔
مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ اس برگد سے ان کے بچپن اور آباؤ اجداد کی یادیں جڑی ہوئی ہیں، اس لیے درخت کی بحالی ان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ شہریوں نے محکمہ جنگلات کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
برگد کے اس تاریخی درخت کی بحالی نہ صرف مقامی لوگوں کے جذبات سے جڑی ہے بلکہ ماحولیاتی لحاظ سے بھی اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس کے تنے اور شاخوں پر اب نئے پتے اور پھول نمودار ہو رہے ہیں جو دیکھنے والوں کے لیے خوشی کا باعث ہیں۔