اسلام آبا د(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ “بنیان مرصوص” اور “سیسہ پلائی دیوار” کا اصل مطلب کیا ہوتا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ غربت، جہالت اور فتنے فساد کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جائے، اور ہم یہ جنگ ضرور جیتیں گے۔لاہور میں جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑی طاقت کو شکست دی۔ اگر قوم اُس وقت تقسیم ہوتی تو یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔
انہوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، جن کی قیادت میں پاکستان نے ایسی شاندار کامیابی حاصل کی کہ دنیا حیران رہ گئی۔وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دنیا آج بھی سوچ رہی ہے کہ پاکستان نے کس طرح رافیل طیارے مار گرائے۔ اب ہماری جدوجہد کا محور ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنانا اور عوام کو غربت سے نکالنا ہے، اور میں اس مقصد کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کی زوال پذیری کا آغاز 2018 میں ہوا، خدمتِ وطن ہر کسی کے حصے میں نہیں آتی، اور اگر نیت خالص نہ ہو تو بڑے عہدے بھی بدنامی کا سبب بن جاتے ہیں۔ یہ سرزمین زرخیز ہے، بس تھوڑی محنت اور وسائل چاہتی ہے۔ مریم نواز نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے۔