اسلام آباد (نیوز ڈیسک) قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر آبی وسائل معین وٹو نے ملک میں جاری اور منصوبہ بندی کے تحت بننے والے ڈیمز سے متعلق اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 18 بڑے زیرِ تعمیر ڈیموں پر مجموعی طور پر 1036 ارب روپے کی لاگت آئے گی، جس کا تمام بوجھ وفاقی حکومت برداشت کرے گی۔
وزیر کے مطابق ان ڈیمز کی تکمیل کے بعد ملک میں 82 لاکھ 31 ہزار 984 ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت پیدا ہو جائے گی جبکہ 3 لاکھ 46 ہزار 447 ایکڑ اضافی زمین کو قابلِ کاشت بنایا جا سکے گا۔ دیامر بھاشا ڈیم تنہا 64 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش رکھتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومتیں بھی اس وقت 77 ڈیموں کی تعمیر پر کام کر رہی ہیں جن پر 89.243 ارب روپے لاگت متوقع ہے۔معین وٹو نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وفاقی حکومت 10 مزید نئے ڈیمز بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جن میں چنیوٹ، اسکردو، وزیرآباد، ڈڈھنیال، اکھوڑی اور سندھ بیراج سمیت دیگر منصوبے شامل ہیں۔