اسلام آباد (نیوز ڈیسک) گلبرگ میں والد کے حج کے لیے بھیجی گئی رقم ضائع ہونے پر بیٹے کی جانب سے ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچانے کا انکشاف ہوا ہے۔پولیس کے مطابق گلبرگ میں ڈکیتی کی اطلاع دینے والا واقعہ حقیقت میں ایک منصوبہ بند جھوٹ نکلا۔ ملزم نے والد کے حج کے لیے بھیجے گئے 15 لاکھ روپے آن لائن ٹریڈنگ میں گنوا دیے اور نقصان چھپانے کے لیے پولیس کو جھوٹی واردات کی اطلاع دی۔ایس ایچ او گلبرگ تیمور عباس خان کے مطابق ملزم نے 15 پر کال کر کے دعویٰ کیا کہ مسلح افراد اس کی گاڑی اور 15 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ہیں۔
تاہم تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزم عبیداللہ کے بھائی عمر اور عبداللہ نے والد کے حج اخراجات کے لیے یہ رقم بھیجی تھی، جو آن لائن ٹریڈنگ میں ضائع ہو گئی۔پولیس نے سب انسپکٹر سعد افتخار کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے، اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔