اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لاہور کی ضلعی تعلیمی اتھارٹی نے موسم گرما کی تعطیلات کے دوران تدریسی سرگرمیاں جاری رکھنے پر متعدد نجی اسکولوں کو شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چھٹیوں کے باوجود لاہور میں 13 نجی اسکول کھلے پائے گئے، جس کا انکشاف محکمہ تعلیم کی خفیہ ٹیموں کے چھاپوں کے دوران ہوا۔جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تعطیلات میں اسکول کھولنا پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔
متعلقہ پرنسپلز کو ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی کے سامنے پیش ہو کر اس اقدام کی وضاحت دینے کی ہدایت کی گئی ہے، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے واضح کیا کہ موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ نجی اور سرکاری دونوں اداروں پر یکساں طور پر نافذ ہوگا، اور والدین کو چاہیے کہ خلاف ورزی کرنے والے اسکولز کے خلاف شکایت درج کروائیں۔یاد رہے کہ محکمہ تعلیم پنجاب نے حال ہی میں صوبے بھر میں گرمیوں کی چھٹیوں میں توسیع کا اعلان کیا تھا۔ اس فیصلے کے تحت اب تمام اسکول یکم ستمبر کو دوبارہ کھلیں گے، جب کہ پہلے یہ تعطیلات 14 اگست تک مقرر تھیں۔