راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی میں سفاک ملزم نے باپ اور دو بہنوں کو قتل کردیا، ملزم نے اسلام آباد میں باپ اور بہن کو قتل کیا اور راولپنڈی پہنچ کر دوسری بہن کو قتل کرکے تین ماہ کے بھانجے کو ذبح کردیا جس کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے۔پولیس حکام کے مطابق ملزم محمد علی نے پہلے ترامڑی چوک اسلام آباد میں اپنے باپ 70 سالہ محمود حسین اور چھوٹی بہن 32 سالہ بہن شبنم زارا کو قتل کیا بعد میں راولپنڈی عرفان آباد میں اڈیالہ روڈ آیااور دوسری بہن 35 سالہ انجم زارا کو قتل اور تین ماہ کے بھانجے سالار کو زخمی کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزم بڑی بہن کو قتل کرنے کے بعد بہنوئی کے انتظار میں گھر میں بیٹھا رہا، اہل علاقہ نے مقتولہ کے شوہر کو گھر جانے سے روکے رکھا اتنے میں پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم کو رنج تھا کہ بہن نے پسند کی شادی کیوں کی، مقتولہ 35 سالہ انجم زارا نے ڈیڑھ سال قبل پسند کی شادی کی تھی، مقتولہ کا تین ماہ کا بچہ ہے، ایک ذرائع کے مطابق معاملہ جائیداد کا ہے۔پولیس کے مطابق تین افراد کے قتل کی سنگین واردات کے دو مقدمات درج ہوں گے، پہلا مقدمہ اسلام آباد کے تھانے شہزاد ٹاؤن میں درج ہوگا جس میں دو افراد قتل ہوئے، دوسرا مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ صدر بیرونی میں درج ہوگا جس میں ماں قتل اور شدید بیٹا زخمی ہوا۔واقعے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔