اسلا آباد (نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ 14 اگست سے ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا، جس سے اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ اسی دوران، موجودہ بارشوں کا سلسلہ ایک سے دو روز مزید جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 14 اگست کو بارش برسانے والا نیا سسٹم ملک میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں بالائی خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب اور خطۂ پوٹھوہار میں مزید بارشیں ہوں گی، جبکہ جنوبی پنجاب کے چند علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔
مختلف شہروں میں تیز بارش کے باعث اربن فلڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ بالائی پہاڑی علاقوں میں موسلادھار بارش لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بن سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب اور خطۂ پوٹھوہار میں بارش ہونے کا امکان ہے۔