اسلا آباد (نیوز ڈیسک)عراق کے مقدس شہر کربلا میں کلورین گیس کے اخراج کے باعث 600 سے زیادہ زائرین کو سانس لینے میں دشواری پیش آئی، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔عراقی وزارتِ صحت کے مطابق اس واقعے میں 621 افراد متاثر ہوئے، تاہم طبی امداد ملنے کے بعد سب کو صحت یاب ہونے پر گھروں بھیج دیا گیا۔
کلورین گیس کا یہ اخراج کربلا اور نجف کے درمیان قائم ایک واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ میں لیکیج کے باعث ہوا۔ یہ راستہ ہر سال لاکھوں شیعہ زائرین استعمال کرتے ہیں جو حضرت امام حسینؓ اور حضرت عباسؓ کے مزارات کی زیارت کے لیے آتے ہیں، خصوصاً اربعین کے موقع پر امام حسینؓ کی شہادت کی یاد میں۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس لیک براہِ راست واٹر اسٹیشن سے ہوئی۔ عراق میں طویل عرصے سے جاری تنازعات اور بدعنوانی کے باعث بنیادی ڈھانچہ خستہ حال ہے اور اکثر اوقات حفاظتی اقدامات کا معیار بھی کمزور رہتا ہے۔