اسلا آباد (نیوز ڈیسک)پنجاب میں متوقع بارشوں کے ایک اور سلسلے کے پیش نظر دریاؤں میں پانی کی سطح بڑھنے کے خدشے کے باعث فلڈ ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون کے ساتویں اسپیل کے حوالے سے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سلسلہ 13 اگست سے شروع ہوگا، جس کے دوران صوبے کے مختلف دریاؤں میں پانی کا بہاؤ بڑھنے کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے نتیجے میں دریائے ستلج، راوی، چناب، جہلم اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔
اس سلسلے میں کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے تاکید کی ہے کہ دریاؤں کے کناروں یا پاٹ میں واقع مکانات اور مویشی فوراً محفوظ مقامات پر منتقل کیے جائیں۔ مزید کہا گیا ہے کہ دریاؤں، نہروں، ندی نالوں اور تالابوں میں نہانے پر مکمل پابندی ہے۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔A