کراچی (این این آئی)کراچی میں بیٹے نے فائرنگ کرکے اپنے ہی گھر کے 3 افراد کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ حیدر آباد کالو نی میں پیش آیا جہاں ایک بیٹے نے فائرنگ کرکے باپ اور بھائی کو قتل کردیا۔پولیس نے بتایا کہ فائرنگ سے ملزم کی بھابھی بھی زخمی ہوئی جو دوران علاج دم توڑ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ بھی برآمدکرلیا۔پولیس کے مطابق مقتول امید اللہ بیوی بچوں کے ساتھ اپنے والد نعمت اللہ کے گھر میں ہی رہتا تھا جب کہ ملزم اعجاز ائیرپورٹ کے علاقے میں رہتا تھا، ملزم نے پستول پر سائلنسر لگایا ہوا تھا۔دوسری جانب کراچی کے علاقے لانڈھی 6 نمبر کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جسے پولیس نے ذاتی دشمنی کا واقعہ قرار دے دیا۔ادھر شاہ لطیف ٹاؤن عبداللہ گوٹھ کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔