اسلام آباد (نیوز ڈیسک) گھریلو تنازعے نے ایک بار پھر افسوسناک صورت اختیار کر لی، جب معمولی سی بات پر ایک بھائی نے اپنی بہن کی جان لے لی۔تفصیلات کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتولہ عائشہ اپنے گھر کے صحن میں بچوں کو پڑھا رہی تھی کہ اس دوران اس کا چھوٹا بھائی گھر آیا اور کھانے کا تقاضا کیا۔ عائشہ نے اسے جواب دیا کہ وہ اس وقت بچوں کو پڑھا رہی ہے، تھوڑا انتظار کرے، جیسے ہی فارغ ہوگی، کھانا تیار کر دے گی۔تاہم بہن کی یہ بات سن کر نوجوان بھائی طیش میں آ گیا۔
اس نے طیش میں آ کر اپنی پستول نکالی اور فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں عائشہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور مقتولہ کے چچا کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم واردات کے بعد فرار ہو چکا ہے، جس کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔ اہلِ علاقہ اور رشتہ داروں نے واقعے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔