اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ممتاز اسلامی مبلغ اور اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ایک بار پھر اپنی ایڈونچر اسپورٹس سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے بالی میں 430 فٹ بلند مقام سے بنجی جمپ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کر دی۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ انڈونیشیا کے مشہور جزیرے نوسا پینیڈا کے ٹرٹل بیچ پر 130 میٹر (یعنی تقریباً 45 منزلہ عمارت کے برابر) کی بلندی سے چھلانگ لگاتے ہیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ انہوں نے ایک کیپشن بھی شیئر کیا، جس میں انہوں نے اس تجربے کو محفوظ اور پیشہ ورانہ نگرانی میں مکمل ہونے والا عمل قرار دیا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ڈاکٹر نائیک نے اس نوعیت کی سرگرمی انجام دی ہو۔ اس سے قبل وہ یوگنڈا کے جنجا شہر میں بھی 165 فٹ بلند پلیٹ فارم سے بنجی جمپ کر چکے ہیں، جس کی ویڈیو انہوں نے چند ماہ پہلے شیئر کی تھی۔دونوں مواقع پر حفاظتی انتظامات مکمل تھے اور انہیں پیشہ ور افراد کی نگرانی میں انجام دیا گیا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں ڈاکٹر ذاکر نائیک تین دہائیوں بعد پاکستان آئے تھے۔ اس دوران وہ لاہور، اسلام آباد اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں لیکچرز اور مذہبی گفتگو کے سیشنز میں شریک ہوئے۔ ان کا آخری دورہ پاکستان 1992 میں ہوا تھا، جب انہوں نے معروف عالم دین ڈاکٹر اسرار احمد سے ملاقات کی تھی۔