اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے بیٹوں کی ویزا درخواست کے حوالے سے ان کی بہن علیمہ خان کے حالیہ بیان پر وفاقی وزارت داخلہ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وزارت کے پاس ایسی کوئی درخواست زیر التوا نہیں ہے۔وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق عمران خان کے بیٹوں، قاسم اور سلیمان، کی جانب سے کسی قسم کے ویزا کے لیے وزارت داخلہ کو کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نہ تو فیملی ویزا جاری کرتی ہے اور نہ ہی اس کا دائرہ اختیار اس نوعیت کے ویزوں میں شامل ہوتا ہے۔
مزید وضاحت دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس طرح کے ویزا معاملات براہِ راست پاکستانی ہائی کمیشن یا وزارتِ خارجہ کے دائرے میں آتے ہیں، اور وزارت داخلہ سے منسوب دعوے درست نہیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل عمران خان کی بہن علیمہ خان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کے بھتیجوں قاسم اور سلیمان نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے ویزا کے لیے درخواست دی ہے اور اس درخواست پر فیصلہ وزارت داخلہ کے ماتحت عمل میں آ رہا ہے۔تاہم، وزارت داخلہ کی جانب سے اس بیان کی تردید نے صورتحال کو واضح کر دیا ہے کہ ویزا کا عمل کس ادارے کے تحت آتا ہے، اور فی الحال عمران خان کے بیٹوں کے ویزا سے متعلق کوئی عمل وزارت کے پاس نہیں چل رہا۔