اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے لاہور کے حلقہ این اے 129 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بطور امیدوار حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ہم نیوز کے مطابق خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں حصہ لینا مقامی سطح کے رہنماؤں اور کارکنوں کا حق ہے، اور کچھ اہم سیاسی وجوہات کی بناء پر انہوں نے خود کو اس انتخابی عمل سے علیحدہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ نشست سینئر سیاستدان میاں اظہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی، جس پر ضمنی انتخاب 18 ستمبر کو منعقد ہو گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اس ضمن میں شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی 4 اگست سے 6 اگست تک جمع کرائے جا سکیں گے، جب کہ ابتدائی امیدواروں کی فہرست 7 اگست کو جاری ہو گی۔ امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال 11 اگست تک مکمل کر لی جائے گی۔نامزدگیوں پر اپیلیں 12 سے 16 اگست کے دوران دائر کی جا سکیں گی، اور ان اپیلوں پر فیصلے 20 اگست تک سُنائے جائیں گے۔