اسلام آباد (نیوزڈیسک) محتسب اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ شاہ نواز طارق نے کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مونس علوی کو عہدے سے فوری طور پر ہٹانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ مونس علوی پر 25 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے، جسے ایک ماہ کے اندر ادا کرنا لازم ہوگا۔
محتسب اعلیٰ کے فیصلے کے مطابق، سی ای او کے الیکٹرک پر خاتون کو ہراساں کرنے کا الزام درست ثابت ہوا، اور شکایت کنندہ کو ذہنی اذیت پہنچانے کی بھی تصدیق ہوئی ہے۔جسٹس (ر) شاہ نواز طارق نے اپنے حکم میں مزید کہا کہ اگر مونس علوی مقررہ مدت میں جرمانہ ادا نہیں کرتے تو ان کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کر لیا جائے گا۔فیصلے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ عدم ادائیگی کی صورت میں مونس علوی کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بھی بلاک کرنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔