اسلام آباد (نیوزڈیسک)محکمہ موسمیات نے ملک بھر کے کئی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ کے مطابق بدھ کے روز اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، بلوچستان اور گلگت بلتستان کے متعدد مقامات پر بارش کے امکانات موجود ہیں۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ کے کچھ شہروں میں بھی شام یا رات کے وقت بارش ہو سکتی ہے۔ ان شہروں میں سکھر، گھوٹکی، خیرپور، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص اور سانگھڑ شامل ہیں جہاں بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔
ادھر اسکردو کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گلیشیئر پگھلنے یا پھٹنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں، جس پر مقامی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور میں شدید بارشوں کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح جہلم، گجرات، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور قصور میں بھی موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔لیہ میں بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آنے سے کئی دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں، جبکہ متعدد زرعی علاقے متاثر ہوئے ہیں جہاں فصلوں کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔