اسلام آباد (نیوز ڈیسک) مستونگ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بلوچستان میں غیرت کے نام پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شادی شدہ جوڑے کو کئی سال بعد قتل کر دیا گیا۔لیویز ذرائع کے مطابق پنجگور کے رہائشی محمد شعیب نے سات سال قبل اپنی پسند سے کورٹ میرج کی تھی۔ کچھ عرصہ قبل ان کے اور سسرال والوں کے درمیان صلح ہو گئی تھی، جس کے بعد مقتولہ کے بھائیوں نے جوڑے کو دعوت کے بہانے کوئٹہ بلایا۔اطلاعات کے مطابق شعیب اپنی بیوی اور بھائی کے ہمراہ کوئٹہ روانہ ہوا تھا، جہاں انہوں نے لکپاس کے قریب ایک ہوٹل میں قیام کیا۔
اگلے روز مقتولہ کے بھائیوں نے فون کے ذریعے ان سے رابطہ کیا اور ہوٹل پہنچ کر میاں بیوی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔لیویز حکام کا کہنا ہے کہ قتل کیے گئے جوڑے کی عمریں تقریباً 27 سے 28 سال کے درمیان تھیں، ان کے دو بچے (جن کی عمریں 3 اور 6 سال تھیں) بھی موجود ہیں، اور خاتون اس وقت حاملہ بھی تھیں۔واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے پانچ بھائیوں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہے ہیں۔