منڈی بہائوالدین(این این آئی)پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین کی تحصیل پھالیہ کے نواحی گاؤں اسداللہ پور میں شقی القلب شخص نے مبینہ طور پر زمین کی رقم کے تنازع پر والدین اور بیوی کو فائرنگ کرکے بے رحمی سے قتل کر دیا، 3 افراد کی ہلاکت نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتول محمد حسین نے کچھ عرصہ قبل اپنی4 کنال زرعی زمین تقریباً2 کروڑ روپے میں فروخت کی تھی، روزگار کے سلسلے میں کویت مقیم ان کا بیٹا احسان اللہ چار روز قبل ہی وطن واپس آیا تھا۔ملزم نے وطن واپسی پر مبینہ طور پر والد سے زمین کی فروخت پر ملنے والی رقم میں اپنا حصہ مانگا، جس پر تلخ کلامی شدت اختیار کر گئی، والدین کی جانب سے انکار پر احسان اللہ آپے سے باہر ہو گیا اور پستول نکال کر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ملزم کے والد 75 سالہ محمد حسین، والدہ 70 سالہ رسولاں بی بی اور 35 سالہ اہلیہ ماریہ بی بی موقع پر ہی دم توڑ گئی، واردات کے بعد ملزم آلہ قتل سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ بھاگٹ کی پولیس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال پھالیہ منتقل کیا گیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو محفوظ بنا کر شواہد اکٹھے کیے جبکہ فرانزک ٹیم کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔
ڈی پی او منڈی بہاؤالدین وسیم ریاض خان خود جائے وقوعہ پر پہنچے اور تفتیشی ٹیموں کو فوری احکامات جاری کیے،ان کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ اور ڈی پی او منڈی بہاؤالدین وسیم ریاض سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ اس دلخراش واردات میں ملوث سفاک ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، اور متاثرہ خاندان کو ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کی جائے۔ترجمان ضلع منڈی بہاؤالدین پولیس سب انسپکٹر زوہیب ورک نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گاؤں اسداللہ پور میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں احسان اللہ نامی نوجوان نے اپنے والدین اور بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور ملزم کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔