اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ایک سبزی فروش کے بیٹے نے اپنی محنت اور لگن سے میٹرک کے امتحانات میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔گورنمنٹ ہائی اسکول نمبر 1 شاہکوٹ کے طالبعلم ملک فیضان رضا، جن کے والد سبزی کا کاروبار کرتے ہیں، نے لاہور بورڈ کے تحت ہونے والے میٹرک کے امتحان میں 1186 نمبر لے کر سب کو حیرت میں ڈال دیا۔ اس غیر معمولی کامیابی سے نہ صرف انہوں نے اپنے خاندان کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ اپنے اسکول کی نیک نامی میں بھی اضافہ کیا۔اس کامیابی پر اسکول کے اساتذہ، والدین اور پرنسپل سب ہی خوشی سے نہال ہیں۔
اسکول کے پرنسپل کے مطابق فیضان کی انتھک محنت، نظم و ضبط اور تعلیمی وابستگی نے اسے اس مقام تک پہنچایا، اور یہ پورے ادارے کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔فیضان رضا نے اپنی کامیابی کو اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی دعاؤں کا ثمر قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انسان میں جذبہ صادق اور عزم محکم ہو تو مالی وسائل کی کمی بھی راستہ نہیں روک سکتی۔اساتذہ کا کہنا ہے کہ فیضان کی یہ کامیابی دوسرے طلبہ کے لیے حوصلہ افزائی کا باعث بنے گی اور یہ پیغام دے گی کہ کامیابی صرف سہولیات پر نہیں، محنت اور حوصلے پر منحصر ہوتی ہے۔