راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی کے تھانہ روات کے علاقے کی نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں بزنس مین کے گھر نقب زنی کی بڑی واردات ہوئی جس میں نامعلوم ملزمان ایک کروڑ 70لاکھ روپے کی نقدی اور 15تولے زیورات پار کر گئے، پولیس و فارنزک سائنس ایجنسی کی ٹیموں نے شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات شروع کردیں۔
پولیس کے مطابق نجی ہائوسنگ سوسائٹی کے رہائشی بزنس مین شکیل خان نے پولیس کو اطلاع دی کہ شادی پر گئے تھے، گھر بند تھا واپس آئے تو تمام سامان بکھرا پڑا تھا اور گھر سے مجموعی طور پر ایک کروڑ ستر لاکھ روپے کی نقدی اور 15تولے زیورات غائب تھے، اطلاع ملنے پر پولیس اور فارنزک ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور شواہد اکھٹے کیے۔شکیل خان نے بتایا کہ میرا گاڑیوں کا کاروبار ہے، کراچی میں دو مکان حال ہی میں فروخت کیے تھے جن کی رقم گھر موجود تھی جو زیورات سمیت چوری ہوئی۔ادھر پولیس نے شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں اور نجی ہاسنگ سوسائٹی میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے تحقیقات میں مدد لی جارہی ہے۔