لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے دو نئے بڑے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے صوبے کی پہلی ایئر لائن اور لاہور سے راولپنڈی تک بلٹ ٹرین چلانے کا عندیہ دے دیا۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کے دوران یہ خوشخبری سنائی۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق لاہور اور راولپنڈی کے درمیان بلٹ ٹرین چلائی جائے گی جو صرف 2 گھنٹے 20 منٹ میں فاصلہ طے کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت صوبے کی پہلی ایئر لائن بھی شروع کرنے جا رہی ہے، جس کے لیے 4 طیارے لیز پر لیے جائیں گے۔
پریس کانفرنس میں عظمیٰ بخاری نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے حالیہ واقعے پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام میں ہونے والے افسوسناک حملے پر پاکستان کی تمام قیادت نے گہرے رنج کا اظہار کیا، مگر اس سے قبل پاکستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے وقت بھارت نے کسی افسوس کا اظہار نہیں کیا تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پہلگام واقعے کی ذمہ داری ایک دہشت گرد گروپ نے قبول کی ہے جس کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ عظمیٰ بخاری نے بھارت پر الزام عائد کیا کہ بغیر تحقیق کے پاکستان پر الزام تراشی بھارت کی پرانی عادت ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ واقعے کے محض 10 منٹ بعد ایف آئی آر کیسے درج ہو گئی جبکہ قریبی پولیس اسٹیشن کئی کلومیٹر دور تھا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ بھارت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، جبکہ سرحد پار دراندازی کے الزامات کے کوئی شواہد پیش نہیں کیے گئے۔ ان کے مطابق یہ سب ایک منصوبہ بندی کے تحت ہو رہا ہے تاکہ وزیراعظم مودی سیاسی فائدہ حاصل کر سکیں۔
عظمیٰ بخاری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستانی فوجی صرف تنخواہ کے لیے نہیں بلکہ شہادت کے جذبے سے میدان میں اترتے ہیں، اور پاکستان کی مائیں ایک بیٹے کی شہادت کے بعد دوسرا بیٹا بھی وطن پر قربان کرنے کو تیار رہتی ہیں۔