اسلام آباد (نیوز ڈیسک)صوبہ پنجاب میں گندم اگاؤ انعامی اسکیم کے تحت خوش نصیبوں کو 1000 مفت ٹریکٹرز ملنا شروع ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے کاشتکار کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے گرین، ٹریکٹر، کسان کارڈ، سپر سیڈر سمیت بے شمار پراجیکٹس لائے جا رہے ہیں، اب ”وزیر اعلیٰ پنجاب وِیٹ این سینٹیو پروگرام“ کے تحت گندم کے کاشت کاروں کے لیے ایک ہزار مفت ٹریکٹرز کی تقسیم کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بٹن دبا کر ”گندم اگاؤ“ انعامی اسکیم کے لیے ڈیجیٹل قرعہ اندازی کی، جس میں سب سے پہلا ٹریکٹر بہاولنگر کی خاتون کاشت کار کوثر پروین کا نکلا، وزیر اعلیٰ نے خود فون کر کے کامیاب کاشتکاروں کو مفت ٹریکٹر ملنے کی مبارک باد دی۔مریم نواز نے فون کر کے جھنگ کے محمد اقبال کو مفت ٹریکٹر نکلنے پر مبارک باد دی، کاشتکار نے ان کا شکریہ ادا کیا، مریم نواز نے منڈی بہاؤالدین کے کامیاب کاشتکار سلمان احمد سے بھی گفتگو کی، اور کہا ’’قرعہ اندازی میں آپ کا مفت ٹریکٹر نکل آیا ہے، سوچا خود فون کر کے مبارکبا د دوں، گندم کی فصل ان شاء اللہ اچھی ہوگی، میری د عائیں کاشتکار بھائیوں کے ساتھ ہیں۔‘‘