اسلام آباد (نیوز ڈیسک) لاہور پولیس نے جعلی اغوا برائے تاوان کا کیس بے نقاب کرتے ہوئے محض 12 گھنٹوں میں مبینہ مغوی سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق، عبدالرحمان نامی شہری نے اپنے 30 سالہ بیٹے صغیر احمد کے اغوا کی رپورٹ تھانہ قائداعظم انڈسٹریل میں درج کروائی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا، جس میں حیران کن انکشاف ہوا کہ یہ اغوا حقیقت میں ایک خودساختہ منصوبہ تھا۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ صغیر احمد نے اپنے ایک دوست کے ساتھ مل کر اغوا کا ڈرامہ رچایا اور اپنے ہی اہل خانہ سے تاوان کے طور پر 2 کروڑ روپے طلب کیے۔ ڈی آئی جی کے مطابق، پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ان دونوں کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔
تفتیش کے دوران ملزمان نے خود ہی اس جعلی اغوا کی حقیقت بیان کر دی۔ پولیس نے مزید کارروائی کے لیے دونوں ملزمان کو انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے، جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔