اسلام آباد (این این آئی)اکتوبر2024ء میں ملکی ترسیلات زر 3ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں۔وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی آئوٹ لک رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اکتوبر میں ترسیلات زر میں سالانہ 23.9فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رواں مالی سال کے پہلے 4ماہ میں ترسیلات زر میں 34.7فیصد اضافہ ہوا ،جولائی تا اکتوبر ترسیلات زر کا حجم 11ارب 84 کروڑ 80لاکھ ڈالر رہا۔
اکتوبر میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 18.4فیصد کم ہوئی،اکتوبر میں براہ راست سرمایہ کاری 13کروڑ 32لاکھ ڈالر رہی۔رپورٹ کے مطابق جولائی تا اکتوبر براہ راست سرمایہ کاری 90کروڑ 43لاکھ ڈالر رہی،اکتوبر میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری میں 11.3فیصد اضافہ ہوا۔اکتوبر میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری 18کروڑ 65لاکھ ڈالر رہی،جولائی تا اکتوبر ایک ارب 9کروڑ ڈالر کی مجموعی بیرونی سرمایہ کاری آئی۔رپورٹ کے مطابق جولائی تا اکتوبر اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 11ارب ڈالر،مجموعی فاریکس ریزروز 16ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ۔