اسلام آباد (این این آئی)جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو بہترین انسان پایا، وہ اچھا وقت گزار کر جارہے ہیں، ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ سپریم کورٹ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی کمی محسوس کریں گے، انہیں الوداع کہنے میں بہت مختلف احساسات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف دکھی ہوں کیونکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی موجودگی یاد آئے گی، آپ نے ہمیں ہمیشہ ہر چیز کے لیے تیار رکھا، قاضی فائز عیسیٰ احساسات رکھنے والے انسان ہیں۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ مسکرا کر بات کریں گے تو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے شائستہ جواب سے آپ مانوس ہو جائیں گے، اگر آپ انہیں تنگ کریں گے تو غصے میں ان کی برابری نہیں کرسکیں گے۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ کے غصے کے وقت صرف آپ کی اللّٰہ ہی مدد کر سکتا ہے، میں نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے غصے کا کئی بار سامنا کیا اور تجربہ اچھا نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ کئی بار بینچ میں اختلاف کیا، انہوں نے ہمیشہ کھلے دل سے میرا مؤقف سنا، ہم اپنا کردار پورا ادا کریں گے۔جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ فوری طور پر دور دراز علاقوں کی ضلعی عدلیہ پر توجہ دینا ہو گی، میری پہلی ترجیح دور دراز علاقوں کی ضلعی عدلیہ ہو گی۔