لاہور( این این آئی) فیڈرل بورڈ آف ریو نیو نے گریڈ 1سے 16تک کے ملازمین کیلئے نئے احکامات جاری کر دیئے ۔چیئرمین ایف بی آر نے چیف کمشنرز اور ڈائریکٹرز کو مراسلہ جاری کر دیا جس میں گریڈ 16تک کے ملازمین کا تقررو تبادلہ متعلقہ افسران کی منظوری سے مشروط کر دیا گیاہے ۔
ایف بی آر مراسلے میں کہا گیاہے کہ متعلقہ اسسٹنٹ، ڈپٹی کمشنر ، ڈپٹی ڈائریکٹرز کو پیشگی آگاہ کرنا ہوگا، متعلقہ افسر کی رپورٹ پر ملازمین کا 3دن کے اندر تبادلہ کر دیا جائے گا، تمام چیف کمشنرز اور ڈائریکٹرز کو ماہانہ بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔مراسلے کے مطابق اقدامات کا مقصد ان لینڈ ریونیواور کسٹمز میں شفافیت، کارکردگی بہتر بنانا ہے، افسران کو پرفارمنس ایویلوایشن رپورٹس بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ چیئرمین ایف بی آر نے ڈیڈ لائن پر عمل درآمد نہ کرنے کے معاملے کا بھی نوٹس لے لیا ہے ۔