اسلام آباد(این این آئی)این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے اگلے چوبیس کے دوران خیبر پختونخواہ کے متعدد اضلاع بشمول چارسدہ، چترال، لوئر اور اپر دیر، مانسہرہ، پشاور، شانگلہ اور سوات کے علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ 50 تا100 ملی میٹر سے زائد بارش کی صورت میں مختلف شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال اورندی نالوں میں طغیانی جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات متوقع ہیں۔این ڈی ایم اے متعلقہ صوبائی اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں وہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو الرٹ کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال پر فوری رسپانس کو یقینی بنانے کے لیے وسائل کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ عوام سے التماس ہے سیلابی صورتحال سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں علاوہ ازیں مسافراور سیاح حضرات لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر پہاڑی علاقوں کے سفر سے گریز کریں۔آسمانی بجلی سے اپنی حفاظت یقینی بنانے کے لیے خراب موسم میں باہر نکلنے سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دوررہیں۔ این ڈی ایم اے نے Pak NDMA Disaster Alert ایپلیکیشن متعارف کرادی ہے جو گوگل پلے سٹور اورiOS ایپ سٹور پر موجود ہے تاکہ عوام کوبر وقت الرٹس، ایڈوائزریز اور خطرے سے متعلق مخصوص گائیڈ لائنز، عوامی آگاہی کے پیغامات اوردیگر ضروری معلومات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔