اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد میں عید الاضحی پر مویشی منڈیوں میں وارداتوں کے خدشے کے پیش نظر تمام پولیس افسران و اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں، تمام منڈیوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد پولیس کی عید الاضحی پر چھٹیاں منسوخ کردی گئیں،مویشی منڈیوں میں وارداتوں کے خدشے کے پیش نظر فیصلہ کیا گیاہے۔
اسلام آباد انتظامیہ نے تمام مویشی منڈیوں میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے، بیوپاریوں کیلئے بھی ایس او پیز تیار کرلئے گئے۔انتظامیہ کے مطابق بیوپاری روزانہ کی بنیاد پر پولیس کی نگرانی میں رقم بینک میں جمع کروائیں گے، مویشی منڈیوں کے اطراف میں خاردار باڑ بھی لگائی جائے گی، مقررہ مویشی منڈیوں کے علاوہ کسی بھی جگہ جانور کھڑے کرنے پر کارروائی ہوگی۔حکام کے مطابق عید الاضحی کے موقع پر تمام اہم مارکیٹس میں پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔