کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے رکن شعیب شاہین نے کہا ہے کہ معاشی ایمرجنسی لگانے کیلئے صدر پاکستان کا مطمئن ہونا بہت ضروری ہے، چیئرمین پی ٹی آئی ہر سیاسی جماعت سے بات کرناچاہتے ہیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیرداخلہ نے خلاف قانون جے آئی ٹی رپورٹ پریس کانفرنس میں جاری کردی، اس کا مطلب ہے جے آئی ٹی کی مانیٹرنگ رانا ثناء اللہ کررہے ہیں وہ اپنی مرضی کی فائنڈنگز لاسکتے ہیں، یہ جے آئی ٹی قاتلانہ حملے کی نہیں نو مئی کے واقعات میں عمران خان کے ملوث ہونے کی تحقیقات کررہی ہے، عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی رپورٹ تو غائب کردی گئی ہے۔ شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق الیکشن ملتوی کرنے کی گنجائش نہیں ہے، معاشی ایمرجنسی لگانے کیلئے صدر پاکستان کا مطمئن ہونا بہت ضروری ہے، سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن 90دن میں نہیں ہوسکے، اگست میں پنجاب اور کے پی کی طرح وفاق میں بھی نگراں سیٹ اپ لایا جاسکتا ہے۔