کراچی(این این آئی)سمندری طوفان کا سندھ اور بلوچستان سے ٹکرانے کا امکان ہے جب کہ 13 سے 14 جون کو ساحلی پٹی پر گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کی سمت تبدیل ہو کر شمال مشرق ہوگئی، طوفان کے گرد 120 سے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم کے گرد 25 سے 30 فٹ بلند لہریں اٹھ رہی ہیں جب کہ طوفان کے رخ کا اندازہ لگانے میں مزید 36 سے 48 گھنٹے لگیں گے۔اس کے علاوہ طوفان عمان، بھارتی ریاست گجرات، سندھ اور بلوچستان کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے، سمندر میں طغیانی اور معمول سے بلند لہریں اٹھ سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق 13 یا 14 جون کو سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 12 جون تک سمندر میں جانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔دوسری جانب سمندری طوفان بیپار جوئے کے پیش نظر کمشنر کراچی نے سمندر میں جانے پر دفعہ 144 نافذ کردی۔نوٹیفکیشن کے مطابق سمندر میں نہانے اور شکار کرنے پر پابندی ہوگی، سمندر میں موجود ماہی گیروں کو بھی خطرہ ہے، پابندی 11 جون سے گیر معینہ مدت تک عائد رہے گی۔