اسلام آباد (این این آئی)معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے اپنے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کی موجودگی سے متعلق سوشل میڈیا پر زیرگردش خبروں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ دروازہ کھلا ہے تحقیق کرلیں۔ حال ہی میں ایک نجی چینل کی جانب سے مولانا طارق جمیل پر اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے ہونے اور بیٹے کی ہاؤسنگ سوسائٹی ہونے کا الزام لگایا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلنے پر مولانا طارق جمیل نے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔یوٹیوب چینل پر جاری ویڈیو میں مولانا طارق جمیل نے صحافی سے گفتگو کے دوران بتایا کہ پہلے بھی مجھ پر ایک خبر کے ذریعے اکاؤنٹ میں 49 ارب ہونے کا الزام عائد کیا جاچکا ہے تاہم اللہ کو حاضر و ناظر جان کر بتارہا ہوں کہ میرے اکاؤنٹ میں کروڑوں ہونے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں، نہ تو میرے بیٹے کی کوئی ہاؤسنگ اسکیم ہے اور نہ ہی میرے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے ہیں، دروازہ کھلا ہے جو بھی آکر تحقیق کرنا چاہے کرسکتا ہے۔