اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو میں گزشتہ منگل کے روز خوفناک ژالہ باری نے لوگو ں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ۔ ذرائع کے مطابق ژالہ باری نے تباہی مچا دی جس کے باعث متعدد اموات بھی ہو گئی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ضلع جامشورو کے علاقے کوٹری میں شدید بارش اور ژالہ باری کے نتیجے دیوار گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور4سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 7 سال، 8 سال اور 10 سال بتائی گئیں۔
بتایا گیا ہے کہ گیند کے حجم جتنے اولے پڑنے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔شدید بارش اور ژالہ باری کے بعد شہر میں مواصلاتی نظام شدید متاثر ہوا۔دوسری جانب آج بدھ کے روز پنجاب، خیبر پختونخوا ، شمال مشرقی/زیریں بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی/جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقا مات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔
اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کل جمعرات کے روز پنجاب، خیبر پختونخوا ، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی/جھکڑ چلنےاور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقا مات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔
اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے ۔گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم بلوچستان ، پنجاب ، سندھ، خیبرپختونخوا ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔