اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)چیئرمین تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہنگامہ آرائی میں ملوث پی ٹی آئی کے مزید 6 شرپسندوں کو فوجی عدالت کے حوالے کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق فوجی عدالتوں کے حوالے کیے جانے والے شرپسندوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب 9مئی کو ہونے والے واقعات کے تناظر میں پی ٹی آئی کے 40کارکنوں پر درج مقدمات سے دہشت گردی کی دفعات ختم کردی گئیں۔انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کی گرفتاری کے بعد جلائو گھیرائو اور املاک کو نقصان پہنچانے کے کیس کی سماعت ہوئی، جس میں قصور کے تھانہ کھڈیاں میں درج مقدمے میں پی ٹی آئی کے 40 کارکنوں کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران پولیس نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کی رپورٹ پیش کر دی ۔جج اعجاز احمد بٹر کے روبرو پولیس انسپکٹر رشید شہزاد نے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کی رپورٹ پیش کی ۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ مقدمے کی تفتیش کے دوران دہشت گردی کی دفعات فعال نہیں کرتیں ۔دوران سماعت پی ٹی آئی کے ملزم کارکنان وکیل کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے، جہاں وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کر دی گئی ہیں تو ہم اپنی ضمانتیں واپس لیتے ہیں ۔