کراچی(این این آئی)اسرائیل کے بعد اب روسی ہیکرز بھی پاکستانیوں کی حساس معلومات چرانے کے لیے سرگرم ہے اور روسی اے ٹی پی گروپ پاکستانی سرکاری اداروں کا ٹارگٹ کر رہا ہے۔ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے بعد اب روسی ہیکرز بھی پاکستانیوں کی حساس معلومات چرانے کے لیے سرگرم ہے اور روسی اے ٹی پی گروپ پاکستانی سرکاری اداروں کو ٹارگٹ کرنے لگا ہے۔
اے پی ٹی گروپ حساس معلومات تک رسائی کیلئے مختلف کوششیں کر رہا ہے۔ذرائع کے مطابق اس حوالے سے وفاقی حکومت نے تمام صوبوں، وزارتوں اور ڈویژنز کو مراسلہ بھیج دیا ہے جس میں روسی نیٹ ورک کے سائبر حملوں سے بچا ؤکیلئے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ آف لائن اور آن لائن نیٹ ورکس کیلیے الگ الگ سرور استعمال کیا جائے، تمام اقسام کی فائلز کی لوکیشن پر نظر رکھی جائے اور انٹرنیٹ کی ان کمنگ ٹریفک، استعمال کنندہ کے کنٹرول کو زیادہ سخت کیا جائے۔
وفاقی حکومت کے مراسلے میں انٹرنیٹ کے استعمال کو مخصوص لوگوں تک محدود کرنے اور سافٹ ویئرز کے استعمال سے قبل ڈیجیٹل کوڈ سائننگ کے ذریعے چیک کرنے کی سفارشات بھی کی گئی ہیں جب کہ ایڈمنسٹریٹر کی سطح پر پاسورڈ باقاعدگی سے تبدیل کرتے رہنے کی سفارش کی بھی گئی ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حساس ڈیٹا کا بیک اپ ہر صورت رکھا جائے اور ادارے ہنگامی صورت میں بچا کیلیے مکمل پلان مرتب کر کے رکھیں۔