لاہور/اوچشریف ( این این آئی)نو مئی کے واقعات کے رد عمل میں تحریک انصاف سے وابستہ سیاسی رہنمائوں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے ، سابق اراکین اسمبلی میاں جلیل احمد شرقپوری ، عبد الرزاق نیازی اور مخدوم افتخار الحسن گیلانی نے تحریک انصاف کو خیر باد کہتے ہوئے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات انتہائی قابل مذمت ہے ، فوج ملک کے مضبوط دفاع کی ضامن ہے ۔
میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے جس طرح کی باتیں کی جارہی تھیں اس حوالے سے اپنے تحفظات سے 9 مئی سے قبل ہی پارٹی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کو آگاہ کر دیا تھا ۔9مئی کے واقعات سمجھ سے بالا تر ہیں ۔ پاکستان کا دفاع مضبوط فوج سے ہی ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ مزید تحریک انصاف کے ساتھ نہیں چل سکتا ۔ قومی املاک اور فوجی تنصیبات پر جس طرح حملے کئے گئے وہ ناقابل برداشت ہیں۔ سابق رکن اسمبلی و ٹکٹ ہولڈر عبد الرزاق نیازی نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سے لا تعلقی اور پی ٹی آئی کی ٹکٹ واپس کر رہا ہوں۔1985ء سے سیاست کر رہا ہوں ،میں کبھی دبائو میں نہیں آیا ، میرے اوپر کسی طرح کا دبائو نہیں ہے ، میں اپنی مرضی سے سیاست کرتا ہوں ۔ پاک فوج کی تنصیبات پر حملوں سے دنیا کو کیا پیغام دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی وجہ سے دہشتگردی ختم ہوئی ، 9مئی کو جو ہوا یہ قیادت کے ہاتھ بغیر ممکلن نہیں، میں بری الذمہ ہونے کی بات ماننے کو تیار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ساز ش کے تحت عوام اور فوج کو آمنے سامنے کھڑا کیا جارہا ہے اور ہمارے دشمن بھی یہی چاہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ فوج ہماری ہے ، پاک فوج کے جوان اپنا گھر بار چھوڑ کر سرحدوں پر ہماری حفاظت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی حیثیت میں انتخابات لڑیں گے۔ مخدوم افتخار الحسن گیلانی نے بھی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف سے لا تعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9مئی کو شہداء کی تذلیل کی گئی
قومی اور عسکری تنصیبات پر جس طرح حملے کئے گئے وہ ناقابل برداشت ہیں ۔ میں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف کو چھوڑنے کا اعلان کر رہا ہوں ۔فی الوقت کسی پارٹی میں نہیں جارہا ،دوستوں کے مشورے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کروں گا۔ پاکستان کی سالمیت سب سے اہم ہے جس کے لئے مضبوط فوج نا گزیر ہے ۔