اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی ) سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس فائز عیسیٰ سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز نے ملاقات کی ہے۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق ذرائع کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق لاہور میں ہونے کی وجہ سے ملاقات میں شریک نہیں ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ جسٹس فائز عیسیٰ سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کی ملاقات ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی، ملاقات میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی نئی عمارت میں منتقلی سے متعلق امور پرگفتگو کی گئی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 5 ججز نے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ ملاقات میں موجود نہیں تھے۔ملاقات میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی نئی عمارت میں منتقلی سمیت دیگر امور زیر بحث آئے۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ 14 برس بعد پیر کو شاہراہ دستور پر نئی عمارت میں منتقل ہو جائے گی۔ریڈیو پاکستان اور دفترِ خارجہ کی بلڈنگ کے درمیان ہائیکورٹ کی نئی عمارت بنی ہے۔ہائیکورٹ کی تمام برانچز، عدالتوں اور دفاتر کا سامان نئی عمارت میں منتقل ہوچکا ہے۔ذرائع کے مطابق ہائیکورٹ کی موجودہ عمارت فیملی کورٹس، ماتحت عدلیہ اور ججز کے کورسز کے لیے استعمال ہوگی۔