کراچی(این این آئی)قومی ایئرلائن پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا میں مبینہ طور پر لاپتا ہوگیا۔ذرائع کے مطابق لاہور سے ٹورنٹو جانے والی پرواز میں تعینات منتظرمہدی نامی فلائٹ اسٹیورڈ جمعرات کو ٹورنٹو پہنچا تھا۔ جسے جمعہ کو ٹورنٹو سے لاہور واپسی کی پرواز 798 پر ڈیوٹی کرنا تھی۔ذرائع نے بتایا کہ پرواز کیلئے فضائی میزبان نے ہوٹل میں دیگر عملے کے ساتھ رپورٹ نہیں کیا۔جی ایم فلائٹ سروسز عامر بشیر نے کہا کہ فلائٹ اسٹیورڈ نے پاکستان واپسی کی فلائٹ پر رپورٹ نہیں کیا۔ پی آئی اے ویجیلنس شعبہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹورنٹو اسٹیشن منیجر نے اسٹیورڈ کے پرواز پر ڈیوٹی کیلئے رپورٹ نہ کرنے کا بتایا ہے۔واضح رہے کہ منتظر مہدی سے پہلے بھی 4 خواتین اور مرد فضائی میزبان مبینہ سلپ ہو چکے ہیں۔پہلے سے لاپتا ہونے والے فضائی میزبانوں کی پاکستانی شہریت ختم نہیں کرائی گئی۔ فضائی کمپنیوں کے لاپتا میزبانوں کی شہریت فوری طور پر منسوخ کی جاتی ہے۔ لاپتا میزبانوں کی وطن واپسی پر کارروائی کیلیے ایف آئی اے کو کوائف نہیں دیے گئے۔ مبینہ طور پر سلپ ہونے والے قومی شناختی کارڈز کی تجدید بھی باآسانی کروا لیتے ہیں۔